شازیہ خشک نے موسیقی سے توبہ کر کے شرعی پردہ اختیار کر لیا

کراچی: معروف سابق گلوکارہ شازیہ خشک نے موسیقی سے توبہ کر کے شرعی پردہ اختیار کر لیا ہے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے منظرِ عام سے غائب تھیں۔
سوشل میڈیا پر ایک صحافی کو دیا گیا ان کا انٹرویو وائرل ہوا ہے، جس میں انہیں کراچی میں ایک اسٹال پر آرٹیفیشل جیولری اور ہینڈ میڈ ثقافتی ملبوسات فروخت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شازیہ خشک نے بتایا کہ وہ 2018 سے گلوکاری چھوڑ چکی ہیں اور یہ راستہ انہوں نے اللہ اور اسلام کی خاطر اختیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنید جمشید کی وفات کے بعد وہ شدید صدمے سے دوچار ہوئیں، اسی دوران انہوں نے موسیقی کی دنیا چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ وقت کے ساتھ خود کو سنبھالا اور ہمت جمع کر کے پردہ اختیار کیا۔
گلوکارہ نے بتایا کہ ان کے جڑواں بچے بیرونِ ملک مقیم ہیں، تاہم وہ جانتی ہیں کہ اس زندگی اور سفر میں اللہ ہمیشہ ان کے ساتھ ہے، اس لیے وہ کبھی تنہا نہیں ہوں گی۔











