صدر زرداری کی لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ایک گھنٹے سے زائد ملاقات

لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
صدر مملکت ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیراعظم کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں وزیراعظم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔
وزیراعظم نے صدر کو اپنے دورہ ترکیہ اور 31ویں کانفرنس آف پارٹیز میں شرکت کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون، مشاورت کے تسلسل اور عوامی فلاحی منصوبوں کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے معاشی استحکام اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف بھی موجود تھے۔











