خیبرپختونخوا میں سونے کی کان کنی معطل، گورنر نے لیز منسوخ کر دیں

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کی لیز منسوخ کرنے اور تمام کان کنی سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہفتے کو پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر نے لیز ہولڈرز اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ علاقوں سے بھاری مشینری ایک ہفتے کے اندر ہٹا لیں۔ پریس کانفرنس میں صوبائی مشیر برائے معدنیات، چیف سیکرٹری اور آئی جی ذوالفقار حمید بھی موجود تھے۔
گورنر نے خبردار کیا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف آپریشن کے دوران ایک مقابلے میں 10 پولیس اہلکار شہید اور 18 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ آپریشن خیبرپختونخوا پولیس اور مقامی انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب داراب کچ میں غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف کیا تھا۔











