ہما قریشی نے مہارانی کے پانچویں سیزن کے لیے سر منڈوا لیا

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہما قریشی نے مقبول سیاسی ڈرامہ سیریز مہارانی کے پانچویں سیزن کے لیے اپنا سر منڈوا لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہما قریشی ایک بار پھر ویب سیریز مہارانی میں رانی بھارتی کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ سیزن کا پہلا پروموشنل ٹیزر جاری کیا گیا ہے، جس میں اداکارہ مکمل طور پر گنجے سر کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں۔
ایک انٹرویو میں ہما قریشی نے انکشاف کیا کہ ’میں نے کردار کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے حقیقت میں اپنا سر منڈوایا ہے۔‘ ان کے مطابق یہ ان کے لیے ایک بالکل نیا تجربہ تھا جس کا فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا، تاہم وہ اس تبدیلی کے ذریعے اپنی اداکاری کو نئے انداز میں آزمانے کے لیے پرجوش تھیں۔
ہما قریشی کے مطابق ہر سیزن ان کے لیے کچھ نیا لے کر آیا ہے، تاہم پانچواں سیزن ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویب سیریز کی آگے کی کہانی میں کئی غیر متوقع موڑ اور دلچسپ تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔











