لاہور: الیکٹرک بس میں لڑکی کو دھکا دینے والا کنڈکٹر گرفتار، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

لاہور: گرین الیکٹرو بس میں لڑکی کو دھکا دینے اور بدتمیزی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کنڈکٹر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیا۔
ایکسپریس کے مطابق ایس ایچ او اچھرہ محمد آصف جاوید مانگٹ نے ملزم علی رضوان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ساہیوال کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ اچھرہ میں درج کیا گیا ہے۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج سامنے آنے پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے یہ ذمہ داری ایس ایچ او اچھرہ کو سونپی، جنہوں نے ملزم کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے خاتون کو بس پر چڑھنے سے روکا اور دھکا دیا۔ فوٹیج میں وہ خاتون پر تشدد اور اسے دھکا دیتے دکھائی دیتا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق خواتین کا تحفظ وزیراعلیٰ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور خواتین سے زیادتی ان کی ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سے بدسلوکی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
دوسری جانب علی رضوان کی معافی مانگنے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ اس میں وہ کہتا ہے کہ اس نے جو کیا وہ غلط تھا، وہ بہت شرمندہ ہے، قوم سے معافی مانگتا ہے اور آئندہ ایسا رویہ نہ رکھنے کی توبہ کرتا ہے۔











