نئے صوبوں کے لیے سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ضروری، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خیالات نئے صوبوں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں۔ پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتیں نئے صوبوں پر متفق ہوں گی تو ن لیگ بھی ساتھ بیٹھے گی۔ نئے صوبوں کے معاملے پر کنفیوژن نہیں، بس تاخیر ہے۔
ان کے مطابق ابھی تک نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں میں سنجیدہ بحث نہیں ہو رہی۔ وزیراعظم نے متعدد مواقع پر اپوزیشن رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت دی، مگر اب تک جواب نہیں ملا۔
طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں 20 ارکانِ قومی اسمبلی اور 10 سینیٹرز شامل ہوں گے۔ حکومتی اتحادی جماعتیں کمیٹی کے لیے اپنے نام دے چکی ہیں، جبکہ اپوزیشن کے ارکان کے نام آنا باقی ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی میں 5 ارکانِ قومی اسمبلی اور 2 سینیٹرز شامل ہوں گے۔
کمیٹی میں آئندہ انتخابات کو غیر متنازع بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا فورم ہے جہاں دیگر قومی معاملات پر بھی بات ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبے کسی ایک جماعت کے کہنے سے نہیں بن سکتے اور کسی ایک جماعت کے روکنے سے رک نہیں سکتے۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے اور اکثریتی رائے سے ہوگا۔
پی ٹی آئی ابھی حکومت کے ساتھ مذاکراتی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں۔ پی ٹی آئی کے چیف وہپ سے آئندہ پیر ملاقات طے ہے، جس کے بعد جماعت کے موقف کا اندازہ ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی سے جیل میں وکلا کی ملاقاتوں کے بعد سامنے آنے والے خیالات نئے صوبوں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ نئے صوبوں کے معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔











