محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کی وزیراعلیٰ آفریدی سمیت 9 اراکین کی رہائی کے لیے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف راجہ ناصر عباس نے ہفتے کو وفاقی آئینی عدالت میں مشترکہ درخواست دائر کی۔ اس میں خیبر پختونخوا کے غیر فعال وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور آٹھ دیگر پارلیمنٹیرینز کی فوری رہائی مانگی گئی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ وزیراعلیٰ اور دیگر اراکین کو 11 اکتوبر کو وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے سے چند گھنٹے پہلے حفاظتی تحویل میں لیا گیا تھا۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ منتخب نمائندوں کو حراست میں رکھنا عوامی مینڈیٹ کو بے اثر کرنے کے مترادف ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیاسی وابستگی کی بنیاد پر انہیں نشانہ بنانا آئین کے آرٹیکل 4، 14، 17 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت ان کی قانونی حیثیت اور جائے حراست بتائے۔
اس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 232، 234 اور 245 کے تحت حاصل غیر معمولی اختیارات بنیادی حقوق پر فوقیت نہیں رکھتے۔ گورنر راج کے نفاذ سے بنیادی حقوق ختم نہیں ہوتے۔











