خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران گورنر کے اختیارات بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں وفاقی حکومت نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے اختیارات میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے نیا آرڈیننس جاری کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایمرجنسی کی صورتحال میں گورنر کو حاصل اختیارات سے متعلق مجوزہ آرڈیننس صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھجوا دیا ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت جلد اس آرڈیننس کا اجرا کریں گے۔
مجوزہ قانونی اقدام کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ کے دوران گورنر کو پہلے سے زیادہ اختیارات حاصل ہوں گے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے 12 خصوصی اضلاع کے حوالے سے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی کے انتظامی اختیارات میں اضافہ کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مجوزہ آرڈیننس کے اجرا کے معاملے کی وجہ سے قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے، کیونکہ قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیے جانے کے بعد آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا۔











