حکومت کا سکوک بانڈز کیلئے ایسٹ رجسٹری کمپنی بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے سکوک بانڈز کے اجرا کے لیے ایسٹ رجسٹری کمپنی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سکوک بانڈز کے اجرا کو آسان، شفاف اور تیز بنانے کے لیے نئی ایسٹ رجسٹری کمپنی قائم ہوگی، جو سکوک کے اجرا کے لیے درکار سرکاری اور نجی اثاثوں کی رجسٹری، تصدیق اور نگرانی کرے گی۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ جو اثاثے سکوک کے لیے استعمال ہوں گے ان کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکوک روایتی بانڈز کے برعکس سود کی بجائے حقیقی اثاثے کی ملکیت پر ہے۔
جمیل احمد نے کہا کہ تمام اثاثوں کی شناخت اور ملکیت ثابت کرنا ضروری ہے۔ موٹرویز، عمارتیں، پاور پلانٹس اور زمین کا مکمل ریکارڈ ایک مرکزی رجسٹری میں محفوظ کیا جائے گا، اور اثاثے کی ملکیت، اس کی قیمت اور اس پر کسی قسم کے قرض یا دعوے کا ریکارڈ چیک کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اور لا ڈویژن قانونی و شرعی فریم ورک تیار کریں گے۔ کمپنی کے قیام کے لیے فریم ورک آئی ایم ایف کو بھی بھیجا جائے گا جس پر حتمی بات چیت ہوگی۔











