معمر رانا: سید نور بہت بڑے ہدایتکار ہیں، صائمہ نے پنجابی سکھائی

لاہور: نامور اداکار معمر رانا نے سینئر ہدایتکار سید نور اور اداکارہ صائمہ کی فنی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سید نور بڑے نہیں بلکہ بہت بڑے ہدایتکار ہیں، جبکہ صائمہ ایک لیجنڈ اداکارہ ہیں۔
ایک انٹرویو میں معمر رانا نے اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ سید نور فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ انہوں نے انہیں ایورنیو اسٹوڈیو بلا لیا۔ اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کو فلم کی پیشکش کی جائے گی۔
اسٹوڈیو پہنچنے پر معلوم ہوا کہ فلم چوڑیاں کا سیٹ تیار ہے۔ جب سید نور نے بتایا کہ صائمہ ان کی ہیروئن ہوں گی تو وہ مزید پریشان ہو گئے، جبکہ اگلے ہی روز سے شوٹنگ شروع ہونا تھی۔ سوچنے کے لیے ان کے پاس صرف 14 گھنٹے تھے۔
معمر رانا نے بتایا کہ جب انہوں نے اسکرپٹ دیکھا تو وہ پنجابی زبان میں تھا اور انہیں پنجابی پڑھنا اور بولنا نہیں آتی تھی۔ اسی دوران صائمہ ان کے پاس آئیں اور پنجابی مکالمے سمجھنے اور بولنے میں ان کی مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ صائمہ نے نہ صرف انہیں پنجابی سکھائی بلکہ پورے عمل کے دوران کبھی غصے کا اظہار بھی نہیں کیا، جس پر وہ ان کی شکرگزار ہیں۔











