بنوں: امن جرگے پر خوارج کا کواڈ کاپٹر حملہ، 14 شہری زخمی

بنوں: ضلع بنوں کے علاقے گلبدین، لندی ڈک میں خوارج کی جانب سے ایک پرامن قبائلی جرگے پر بزدلانہ کواڈ کاپٹر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں امن کے قیام کے لیے جمع ہونے والے کم از کم 14 شہری زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بنوں منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ جرگہ علاقے کے امن و امان کے مسائل کے حل اور استحکام کے لیے منعقد کیا گیا تھا، جس میں قبائلی عمائدین اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔
امن کے لیے سرگرم بے گناہ شہریوں اور عمائدین کو نشانہ بنا کر خوارج نے ایک بار پھر اپنی سفاکیت اور امن دشمن سوچ کا ثبوت دیا ہے۔
پرامن جرگے پر یہ حملہ انسانی اقدار کے منافی ہے، بلکہ صدیوں پرانی مقامی روایات اور قبائلی نظامِ جرگہ سے دہشت گردوں کی کھلی دشمنی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
علاقائی مبصرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بنوں اور ملحقہ ضلع لکی مروت میں امن کمیٹیوں کے ارکان، قبائلی عمائدین اور عوامی نمائندوں کو مسلسل نشانہ بنانا خوارج کے منظم امن دشمن عزائم اور عوام کو خوفزدہ کرنے کی پالیسی کا عکاس ہے۔
تاہم مقامی آبادی نے اعادہ کیا ہے کہ ایسے بزدلانہ ہتھکنڈے قبائلی عوام کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، بلکہ ایسے واقعات دہشت گردوں کے خلاف اجتماعی مزاحمت اور اتحاد کی ضرورت کو مزید اجاگر کرتے ہیں۔











