حسین نقی کے انتقال پر عظمیٰ بخاری کا گہرے دکھ کا اظہار

لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حسین نقی شعبہ صحافت میں استاد کا درجہ رکھتے تھے۔ انہوں نے آزادی صحافت، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے طویل اور قابلِ قدر جدوجہد کی۔ ان کی صحافتی خدمات اور اصول پسندی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حسین نقی جیسے سینئر اور کہنہ مشق صحافی کا انتقال صحافت کے شعبے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کی علمی و صحافتی رہنمائی کا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں حسین نقی کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
علاوہ ازیں عظمیٰ بخاری نے صحافی فصیح اللہ کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ والد کا سایہ سر سے اٹھ جانے کے دکھ اور تکلیف کو بخوبی سمجھ سکتی ہوں۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہوں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔











