میرعلی میں سرچ آپریشن جاری، حیدر خیل سے بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

میرعلی: شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق میرعلی کے علاقے حیدر خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا اسلحہ اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے۔ فتنہ الخوارج نے یہ ذخیرہ ایک خالی رہائشی مکان میں چھپا رکھا تھا، جہاں سے بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
مکان کی کھدائی کے دوران اینٹی ایئرکرافٹ گن، ہیوی مشین گن اور آر پی جی سیون سمیت بھاری ہتھیار برآمد ہوئے۔ برآمد سامان میں آر پی جی سیون راؤنڈز، کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس، یو بی جی ایل راؤنڈز اور ڈیٹونیٹنگ کورڈز بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق رہائشی آبادی میں بارودی مواد چھپانا دہشت گردوں کی خطرناک روش ہے، جو معصوم شہریوں کی جانوں کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ جدید اسلحہ اور کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس کی برآمدگی دہشت گردوں کے بیرونی روابط اور سپلائی چین کی نشاندہی کرتی ہے۔
چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے میرعلی میں ایک گھر کے اندر فتنہ الخوارج کی بارودی مواد تیار کرنے کی لیب پکڑی تھی۔
علماء و مشائخ کے مطابق رہائشی علاقوں میں بارودی ذخائر چھپانا، مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اور معصوم شہریوں کو خوفزدہ کرنے والے خوارج انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان فتنہ پرور خوارج کا دینِ اسلام سے کوئی واسطہ نہیں۔
سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔











