ناصر ادیب کا فردوس جمال کی اہلیہ اور بچوں کے رویے پر افسوس

کراچی: پاکستان کے سینئر فلمی مصنف ناصر ادیب نے سینئر اداکار فردوس جمال کی اہلیہ اور بچوں کی جانب سے انہیں تنہا چھوڑنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں انہوں نے فردوس جمال کے خاندانی معاملات پر بات کرتے ہوئے ان کی اہلیہ اور بچوں کے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
ناصر ادیب کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جب شوہر کمانا چھوڑ دے یا شراب نوشی جیسی بری عادتوں میں مبتلا ہو جائے تو بیوی اسے چھوڑ دیتی ہے یا گھر سے نکال دیتی ہے۔ لیکن کیا کبھی کسی ماں کو اپنے بے روزگار یا شراب نوشی کرنے والے بیٹے کو چھوڑتے دیکھا ہے؟ ایسا نہیں ہوتا، ماں اپنے بیٹے کی دیکھ بھال کرتی ہے، اسے کھانا دیتی ہے اور رات گئے تک اس کا انتظار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ خواتین کو اس حوالے سے سمجھنے کی ضرورت ہے اور انہیں اپنے شوہروں کو اس طرح تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔
فردوس جمال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ناصر ادیب نے کہا کہ چند روز قبل پڑھا کہ فردوس جمال کی اہلیہ اور بچوں نے انہیں چھوڑ دیا ہے اور گھر سے بھی نکال دیا ہے۔ یہ سب کیوں ہوتا ہے، اس بات سے مجھے تکلیف ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صرف اس لیے کہ اب فردوس جمال کے پاس پیسے نہیں ہیں اور وہ کما نہیں رہے، حالانکہ انہوں نے اپنے اہل خانہ کے لیے گھر بنایا، لیکن آج وہی شخص اپنی اہلیہ کے لیے ناپسندیدہ بن گیا ہے۔
ناصر ادیب نے مزید کہا کہ یہ صورتِ حال واقعی افسوس ناک ہے۔











