وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا سرکاری دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم 30 نومبر کو سرکاری دورے پر ماسکو روانہ ہوں گے، جہاں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
وزیراعظم روسی صدر پیوٹن کی دعوت پر ماسکو کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم روسی صدر کو آئندہ سال پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دیں گے۔
پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر بات ہوگی۔ توانائی، تیل و گیس، صنعتی ترقی اور پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے امور زیر غور آئیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان بینکاری اور تجارتی ادائیگیوں کے مسائل حل کرنے پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
وزیراعظم روسی دورے کے بعد ایران جائیں گے، جہاں وہ 3 دسمبر سے شروع ہونے والے 18ویں ای سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔











