سندھ میں خون بہا تو ذمہ دار بلاول بھٹو ہوں گے: مصطفیٰ کمال

کراچی: وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما سید مصطفیٰ کمال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی گرا تو اس کے ذمہ دار بلاول بھٹو ہوں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جن شہروں میں خون خرابے کی بات کی ہے، وہاں اردو بولنے والے آباد ہیں۔ ہمیں مرنے سے نہ ڈرایا جائے، ہمارے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، انہیں سندھ میں خون بہنے سے متعلق اس طرح کی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کو بچانا ہے یا کسی سیاسی جماعت کی خواہشات کو تحفظ دینا ہے۔ صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر عوامی ریفرنڈم بہترین راستہ ہے اور عوام کی رائے کو بالادستی حاصل ہونی چاہیے۔
ان کے مطابق وزیراعظم کے پاس ریفرنڈم کرانے کا اختیار موجود ہے اور انہیں امید ہے کہ تحریک انصاف بھی اس معاملے پر ریاست کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ طارق فضل چوہدری، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور عطا تارڑ بھی ریفرنڈم کے معاملے پر کھل کر بات کر چکے ہیں۔
این ایف سی ایوارڈ اور مردم شماری
وفاقی وزیر نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 8 ہزار 884 ارب روپے دیے گئے، جبکہ ان کے بقول سندھ کو 17 برس کے دوران 22 ہزار ارب روپے ملے، اس کے باوجود کراچی آج بھی رہنے کے قابل نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وفاق سے ملنے والے اختیارات اور فنڈز نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے گئے اور صوبائی حکومت نے انہیں اپنے پاس رکھا ہوا ہے۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق 2017 کی مردم شماری میں سندھ کی آبادی ایک کروڑ 40 لاکھ ظاہر کی گئی، جبکہ ڈیجیٹل مردم شماری میں آبادی 10 لاکھ کم کر دی گئی تھی۔ ان کے مطابق حکومتی مداخلت کے بعد درست مردم شماری ہوئی اور سندھ کی آبادی 2 کروڑ 3 لاکھ سامنے آئی، تاہم وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کی مردم شماری وقت سے پہلے بند کر دی تھی۔
کوٹا سسٹم اور ماضی کے واقعات
انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ اور سکھر میں اردو بولنے والے مہاجر اکثریت میں ہیں اور پورے ملک میں نہیں بلکہ صرف سندھ میں کوٹا سسٹم نافذ ہے۔ ان کا الزام تھا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 18 برس سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے، لیکن صوبے کے مسائل حل نہیں کیے گئے۔
مصطفیٰ کمال نے بینظیر بھٹو کی راولپنڈی میں شہادت کے بعد کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں فیکٹریاں جلائی گئیں، لانڈھی انڈسٹریل زون متاثر ہوا، 11 ہزار سے زائد گاڑیاں نذرِ آتش کی گئیں، بینک لوٹے گئے اور لاڑکانہ سے کراچی تک مہاجروں کی دکانیں جلائی گئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 79 برس سے مہاجروں کی نسل کشی ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مرنے سے وہ ڈرے جس نے 22 ہزار ارب روپے کا ڈاکا ڈالا ہو یا جس کے تہہ خانوں میں ڈالرز کی گڈیاں ہوں۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی جب سندھ کارڈ استعمال کرنا چاہتی ہے تو جئے سندھ کے ذریعے ایسا کرواتی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے سندھ میں مزید صوبے بنانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی کارکردگی کی بنیاد پر سیاست کرنی چاہیے۔ اگر اس نے بہتر کارکردگی دکھائی تو سندھ میں 10 صوبے بھی بن جائیں تو اسے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔











