ریفرنڈم غیر آئینی مطالبہ نہیں، جمہوری راستہ ہے: طارق فضل چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا اصل حسن ہی یہی ہے کہ فیصلے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام اپنے مستقبل اور مؤثر گورننس کے حوالے سے اپنی رائے دینا چاہتے ہیں تو انہیں اس بنیادی حق سے محروم کرنے کی کیا توجیہ ہے۔ عوامی رائے سامنے آنے سے پہلے ہی فیصلے مسلط کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم کوئی غیر آئینی یا غیر جمہوری مطالبہ نہیں ہے، بلکہ یہ عین آئین میں موجود ایک جمہوری راستہ ہے۔
چونکہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی دعویدار ہے، اس لیے انہیں عوام سے رائے لینے کے عمل میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ عوام کو کھل کر بولنے کا موقع دیا جائے، ان کی رائے کا مکمل احترام کیا جائے اور عوام جو بھی فیصلہ دیں، سیاسی جماعتوں کو اسے کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی رائے کو مقدم رکھنا ہی اصل جمہوری رویہ اور حقیقی عوامی سیاست کا تقاضا ہے۔











