مراد علی شاہ: سندھ کی تقسیم قانونی اور سیاسی طور پر ناقابلِ قبول

ٹھٹھہ: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ملک کے دیگر صوبوں میں نئے صوبوں کے قیام پر کوئی اعتراض نہیں، اگر وہاں کے عوام ایسا چاہتے ہیں۔ تاہم سندھ کی تقسیم نہ قانونی طور پر قابل قبول ہے اور نہ ہی سیاسی طور پر، کیونکہ صوبے کے عوام اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے اس خیال کو بارہا مسترد کر چکے ہیں۔
مکلی میں پیر سید غلام جیلانی شاہ جیلانی کے مزار پر عرس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئینی طور پر کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک وہاں کے عوام خود ایسی تبدیلی نہ چاہیں۔
پنجاب اسمبلی نئے صوبوں کے قیام کے لیے پہلے ہی متعدد قراردادیں منظور کر چکی ہے، اگر پنجاب میں نئے صوبے بنائے جاتے ہیں تو پیپلز پارٹی کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کا طریقہ کار موجود ہے، تاہم یہ ایسے معاملے پر ہو سکتا ہے جس میں ابہام پایا جاتا ہو۔ ریفرنڈم کے بعد بھی حتمی فیصلہ اسمبلیوں ہی کو کرنا ہوگا، کیونکہ کوئی ریفرنڈم آئین سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔
پانی کی تقسیم اور قلت
پانی کی تقسیم کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 1991ء کے آبی معاہدے کے تحت پانی کی تقسیم سے متعلق سندھ کا مؤقف مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے سامنے موجود ہے۔
انہوں نے پانی کی قلت کا ذمہ دار زیریں صوبے کو قرار دینے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب پانی صوبے تک پہنچ ہی نہیں رہا تو سندھ پر پانی چوری کا الزام کیسے عائد کیا جا سکتا ہے۔ ان کے بقول سندھ بدستور پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہا ہے اور صوبائی حکومت نے یہ مسئلہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھایا ہے، اس لیے پانی کی کمی کا الزام سندھ پر عائد کرنا درست نہیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی صادق میمن کے ہمراہ مکلی میں جیلانی ہاؤس کا دورہ کیا۔
عرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیا کی سرزمین ہے، جن کی تعلیمات نے صوبے میں امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا۔ صوفی بزرگوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کے احترام، محبت، ہم آہنگی اور باہمی افہام و تفہیم کا درس دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک پیپلز پارٹی صوبے کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، سندھ مضبوط اور محفوظ رہے گا۔











