بیرسٹر گوہر کا چیف جسٹس سے مطالبہ: انصاف ہوتا ہوا نظر آئے، دنیا عدالتوں کو دیکھ رہی ہے

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ناحق جیل میں ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں کیونکہ پوری دنیا عدالتوں کو دیکھ رہی ہے۔
وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کے بقول موجودہ سیاسی تقسیم کے ماحول میں چیف جسٹس صاحبان پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اور عدلیہ ایسا انصاف کرے جو ہوتا ہوا نظر بھی آئے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان نے ججز کو خط لکھ کر ان کی آئینی و قانونی ذمہ داریاں یاد دلائی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالتوں سے ریلیف یا رعایت نہیں بلکہ اپنا قانونی حق مانگا ہے۔ انہوں نے ججز سے انصاف کے ترازو کے دونوں پلڑے برابر رکھنے کی درخواست کی اور کہا کہ ایسا ہوا تو کپتان کل بھی بے گناہ تھا اور آج بھی بے گناہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ اور بہن بھی ناحق قید ہیں۔ ان کے مطابق بہن نے پاکستان کی تاریخ میں طویل قید کا سامنا کیا، اور بہنوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی وہ مذمت کرتے ہیں۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور اس کے بغیر کوئی سیاسی پیش رفت ممکن نہیں۔ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کے مقاصد کا انہیں علم نہیں، تاہم خوشی ہے کہ سب نے پی ٹی آئی کی سیاسی حیثیت تسلیم کر لی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاور شیئرنگ کے لیے نہیں بلکہ اصولوں کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے پارٹی مشاورت سے اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق کیے جائیں گے۔ انہوں نے صوبوں کے قیام اور وسائل کی تقسیم پر غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کا بھی مشورہ دیا۔











