آبنائے ہرمز میں اماراتی کمپنی کے جہاز پر حملہ، ایک اہلکار لاپتا، 11 زخمی

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی کمپنی اے ڈی این او لاجسٹکس اینڈ سروسز نے بتایا ہے کہ منگل 17 نومبر کی شام آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے اس کے ایک جہاز کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
حملے کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن لاپتا ہو گیا، جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کمپنی نے بتایا کہ لاپتا اہلکار کی تلاش کے لیے متعلقہ حکام کے تعاون سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
جہاز کے دیگر تمام عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کی اولین ترجیح لاپتا اہلکار کی تلاش اور متاثرہ عملے کی مدد کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اے ڈی این او نے سمندری عملے کے تحفظ اور آزادانہ جہاز رانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سمندری راستوں کی سلامتی یقینی بنانا ضروری ہے۔
کمپنی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واقعے سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔ مزید تفصیلات سامنے آنے پر باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔











