ایران کی ‘ڈرٹی بم’ رپورٹس کی تردید، ٹرمپ کا رپورٹ کو ‘انتہائی سنجیدگی’ سے لینے کا اعلان

تہران: ایران نے امریکی میڈیا اداروں کی ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ وہ واشنگٹن ڈی سی کو کیمیکل 'ڈرٹی بم' سے نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ ایران کے خلاف جارحیت شروع کرنے والے اب بے بنیاد الزامات گھڑ کر میڈیا میں اپنے مذموم عزائم کے لیے ماحول بنا رہے ہیں۔ انھوں نے نیویارک ٹائمز کے حالیہ دعووں اور سی این این کے پھیلائے گئے مبینہ 'ڈرٹی بم' کے بیانیے کو من گھڑت قرار دیا۔
سی این این نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ تہران واشنگٹن میں امریکی انتظامیہ کے عہدیداروں کو مبینہ 'ڈرٹی بم' سے نشانہ بنانے کے منصوبوں پر غور کر رہا ہے۔ چینل کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبہ بندی سے کسی فوری حملے کا اشارہ نہیں ملتا، بلکہ یہ مختلف ممکنہ آپشنز کا جائزہ لینے کی کوشش تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ وہ سی این این کی رپورٹ کو 'انتہائی سنجیدگی' سے لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کوئی منصوبہ موجود ہے تو ایران کو 'ایسی قیمت چکانا پڑے گی جیسی اس سے پہلے کسی ملک نے کبھی نہیں چکائی ہوگی۔'
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر جزیرۂ قشم کے جنوب میں ایک امریکی ایم کیو-1 ڈرون مار گرایا، جو اس کے بقول 18واں ایسا ڈرون ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس دعوے پر ردعمل نہیں دیا۔











