190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 7 روز کے لیے ملتوی

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت 7 روز کے لیے ملتوی کر دی۔
عدالتی کارروائی
دورانِ سماعت چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور ہمارے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں، تاہم ان کے اپنے مسائل ہیں اور ان کا خط پوری پبلک میں چلا گیا ہے۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بنچ نے اپیلوں کی سماعت کی۔ ملزمان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹرز جاوید ارشد اور رافع مقصود اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک بھی روسٹرم پر موجود تھے۔
عدالتی کارروائی کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیل پر دلائل کا آغاز کیا۔ اس موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ کی استدعا بھی کی گئی، تاہم چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اس درخواست پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
دلائل کے آغاز کے بعد بیرسٹر سلمان صفدر نے اپیلوں کی مزید تفصیلی تیاری کے لیے وقت دینے کی استدعا کی، جسے ڈویژن بنچ نے منظور کرتے ہوئے انہیں تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔
بشریٰ بی بی کی صحت اور سیکیورٹی
عدالت نے بشریٰ بی بی کی جانب سے جیل میں پیش آنے والی طبی مشکلات اور سیکیورٹی خدشات کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ جیل حکام کو ضروری احکامات جاری کر دیے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ نے ایک نئی متفرق درخواست میں عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کو بینائی کا شدید مسئلہ درپیش ہے اور ان کی سرجری کے حوالے سے عدالت کو پہلے بھی بتایا گیا تھا، کیونکہ موجودہ طبی کیفیت سے ان کی بینائی مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کے وکیل کے مطابق بشریٰ بی بی کے سیل کے روم سے چھوٹے سائز کے سات سانپ برآمد ہوئے، جنہیں جیل کے اہلکاروں نے موقع پر مارنے کے بعد وہاں سیمنٹ لگا دیا۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی صحت اور سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بشریٰ بی بی محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ عدالت کے مطابق ان کی صحت سے متعلق تمام معاملات پر فوری اور مناسب اقدامات کیے جائیں گے اور جیل رولز کے مطابق انہیں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی کے سیل کی صفائی ستھرائی کا مکمل خیال رکھا جائے اور ان کی صحت کا باقاعدہ معائنہ کرنے کے لیے ایک خصوصی ڈاکٹر فراہم کیا جائے تاکہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔











