امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ تل ابیب پہنچ گئے، اسرائیلی فوجی قیادت سے ملاقات

تل ابیب: امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر اسرائیلی فوج کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقات کے لیے تل ابیب پہنچ گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوجی کمانڈر کا دورہ بدھ کو طے تھا، تاہم اسرائیلی میڈیا نے گزشتہ روز ہی ان کی آمد کی اطلاع دے دی تھی۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے کے ایک صحافی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ اسرائیلی فوج سے مذاکرات کریں گے اور خطے کے دیگر ممالک کا دورہ بھی کریں گے۔
اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون، سکیورٹی رابطوں اور ایران سے متعلق ممکنہ آئندہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے اور اسرائیلی فوج کو ممکنہ نئی کارروائیوں کے پیش نظر چوکس رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے سربراہ کرٹ رینشا نے بھی اسرائیلی بحریہ کے حکام سے ملاقات کی تھی، جس میں مختلف محاذوں پر بحری کارروائیوں اور فوجی تعاون پر بات چیت ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ مارچ کو امریکا اور اسرائیل کے حملے میں ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای اپنے مشیر اور اعلیٰ فوجی قیادت کے ہمراہ شہید ہو گئے تھے۔ جواب میں آبنائے ہرمز بند کر دی گئی تھی، جس کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔











