بابراعظم کو صرف ایک لمبی اننگز کی ضرورت ہے: یونس خان

اسلام آباد: سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ بابراعظم کو صرف ایک لمبی اننگز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو بہت سی باتیں بھلا کر کرکٹ کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن بہتر ہو گئی ہے۔
ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ اپنے برے دور سے گزرنے والے بابراعظم بہترین بیٹر ہیں، جو ایک اچھی اور طویل اننگز کھیل کر اپنی کھوئی ہوئی فارم میں واپس آ سکتے ہیں۔ بابراعظم کو میں اب کیا مشورہ دے سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو کرکٹ کھیلتے ہوئے 11 برس ہو گئے ہیں، اب انہیں کچھ بتانے کی ضرورت نہیں۔ 30 اور 40 رنز اسکور کرنے والے بابر اعظم کو ایک بڑی اننگز کھیلنی چاہیے۔
سعود شکیل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک اچھے بیٹر ہیں، انہیں سنچری اسکور کرنی چاہیے۔ ان کا فارم میں آنا پاکستان کے لیے سودمند ہے، اور وہ دباؤ میں آئے بغیر لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 93 اور دوسری اننگز میں 97 رنز پر آؤٹ ہونے والے سعود شکیل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بڑے سے بڑا کھلاڑی بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہو جاتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں یونس خان نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان بہتر پوزیشن میں ہے، کیونکہ 200 رنز سے زیادہ کی برتری فتح دلواتی ہے۔
ایک اور سوال پر سابق قومی کپتان نے کہا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ بال ٹیمپرنگ کیس بہت پرانا معاملہ ہو گیا ہے۔ سابق آسٹریلوی کرکٹرز سینڈ پیپر اسکینڈل کے حوالے سے منفی سوچ چھوڑ کر آگے دیکھیں۔ ان کے مطابق آسٹریلوی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بہتر ہے، تاہم اب آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم میں ماضی والی بات نہیں۔
یونس خان نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کو ایشیا کپ فائنل جیتنا چاہیے تھا۔ پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کو مثبت رویے کا اظہار کرنا چاہیے تھا۔ پاک بھارت کو بہت سی باتیں بھلا کر کرکٹ کے لیے آگے آنا ہوگا۔











