پاکستان کا فتح-3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: پاک فوج نے فتح-3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 3 جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس ہے اور سپرسونک رفتار سے طویل فاصلے پر اہداف کو انتہائی درستی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ فتح 3 پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور اسٹرائیک رینج میں نمایاں اضافہ کرے گا، جبکہ اس سے ملک کی مجموعی روایتی دفاعی صلاحیت اور دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔
کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور مسلح افواج کے سینئر افسران کے ساتھ سائنسدانوں اور انجینئرز نے لانچ کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح-3 کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے قومی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں اس اہم سنگ میل کے لیے تمام افراد کی لگن اور عزم کو سراہا ہے۔











