کوہاٹ: گمبٹ حملے میں شہید 10 پولیس اہلکاروں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا

کوہاٹ: کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے علاقے خوشحال گڑھ میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے تمام 10 پولیس اہلکاروں کی اجتماعی نمازِ جنازہ بدھ کی شب ساڑھے 10 بجے کوہاٹ چھاؤنی میں واقع سگنل ٹریننگ سینٹر (ایس ٹی سی) کے گراؤنڈ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید، کمشنر کوہاٹ ڈویژن پرویز ثبت خیل، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ ریجن شاکر حسین داؤڑ، ڈی پی او کوہاٹ رائے مظہر اقبال، پولیس اور عسکری حکام، پولیس افسران و اہلکاروں، شہداء کے لواحقین، علاقائی عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شہداء کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نمازِ جنازہ کے دوران فضا سوگوار رہی جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال دکھائی دیے۔
حملے کا پس منظر
بدھ کے روز خوشحال گڑھ کے علاقے میں دریائے سندھ کے کنارے سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف اعلیٰ حکام کی ہدایات پر پولیس ٹیم کارروائی کے لیے روانہ ہوئی تھی کہ اس دوران گھات لگائے بیٹھے دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر اچانک حملہ کر دیا۔
حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان، تھانہ گمبٹ کے اے ایس آئی مختار خان سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 12 اہلکار زخمی ہو گئے۔
شہداء میں ڈی ایس پی حیدر زمان (سکنہ تالاش، دیر)، اے ایس آئی مختار خان (سکنہ شکردرہ، کوہاٹ) اور پولیس کانسٹیبلان یاسر، عظمت، مدثر، حلیم اکبر، شمس الدین، محمد شیراز، عدنان اور ابراہیم شامل ہیں۔ شہید اہلکاروں میں سے چھ کا تعلق درہ آدم خیل جبکہ دو کا تعلق کوہاٹ کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے ابتدائی طور پر جاری کردہ اعداد و شمار، شہداء کی شناخت اور بعد ازاں فراہم کردہ تفصیلات میں فرق سامنے آنے کے باعث شہداء کی حتمی تعداد اور ناموں کے حوالے سے ابہام پیدا ہو گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سانحے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی حتمی تعداد 10 بتائی گئی ہے۔











