وزیر اعلیٰ بلوچستان سے عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

کوئٹہ/اسلام آباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے عالمی بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار (Bolormaa Amgaabazar) نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی ترقی، معاشی استحکام اور مختلف شعبوں میں ترقیاتی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات کے دوران تعلیم، صحت، آبنوشی اور بنیادی ڈھانچے سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر غور ہوا۔ صوبے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے شراکت داری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے بلوچستان میں ترقیاتی تعاون اور مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کے امکانات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان کی ترقی محض ایک صوبے کی ترقی نہیں، بلکہ پورے پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور نتائج پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے عوامی وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنا رہی ہے، تاکہ ترقیاتی اقدامات کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور عوامی ضروریات پوری کرنے کے لیے عالمی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، آبنوشی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت ایسے اقدامات کو فروغ دے رہی ہے جو معاشی سرگرمیوں میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کا ذریعہ بنیں، اور عالمی اداروں کے تعاون سے ایسے دیرپا و مؤثر منصوبے شروع کیے جائیں جو صوبے کی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں۔











