معدنی وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں بدلنا ہوگا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

«اسلام آباد:» چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معدنی وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت میں جاری منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خام مال کی برآمد کے بجائے ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔ معدنی وسائل سے مقامی آبادیوں کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ معدنی وسائل سے بھرپور علاقوں میں ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچانا اور ان کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری لانا ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ملک میں ترقی دینا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ معاشی فائدہ حاصل ہو اور صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایسی طویل المدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو ملک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنیں۔ اس کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ہوگا۔
پاکستانی عوام کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں۔ قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ ان مواقع کو عملی نتائج میں بدلنے کے لیے عوام کی محنت، صلاحیت اور عزم بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کو اب صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عملی اقدامات اور خام معدنیات کی برآمد سے ویلیو ایڈڈ معاشی ترقی کی جانب پیش رفت کرنا ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معدنی شعبے کی ترقی کو قومی معیشت کے استحکام، صنعتی فروغ اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔











