مستونگ: دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ: صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر کنڈوا پوسٹ کے قریب بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
حملے میں دو شہریوں کی شہادت اور سیکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے پر انہوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، جرات اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔











