چمن: ڈپٹی کمشنر اور ڈی ای او کی دیوالی تقریب میں شرکت، ہندو برادری کو مبارکباد

چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن اشوک کمار راجپوت نے دیوالی کے پرمسرت تہوار کے موقع پر محبت، احترام، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبے کے تحت تقریب میں شرکت کی اور ہندو برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے انہیں دیوالی کی مبارکباد پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے ہندو برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چمن میں آباد تمام مذاہب اور برادریوں کے افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ہم سب ایک ہی گلدستے کے پھول ہیں۔ ہندو برادری بلوچستان کی سماجی، تعلیمی اور معاشرتی زندگی کا قابلِ قدر حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری، باہمی احترام، امن اور بھائی چارے کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تعلیمی بہتری کے عزم کی سراہنا
تقریب کے دوران شعبہ تعلیم کی بہتری کے لیے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری اقدامات، اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی حاضری اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے فروغ، میرٹ کی بالادستی، بچیوں کی تعلیم کی حوصلہ افزائی اور دور دراز علاقوں تک تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے عزم کو بھی سراہا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فدا محمد بلوچ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن نادر شاہ اچکزئی، ای ایم آئی ایس انچارج مطیع اللہ اچکزئی، ای ایم آئی ایس فوکل پرسن جعفر خان اچکزئی، کوآرڈینیٹر آر ٹی ایس ایم عبدالولی اچکزئی، ڈی ای او اسسٹنٹ فراز اور محمد انور بھی موجود تھے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی، برداشت، امن اور باہمی احترام کی روایات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











