کوئٹہ: فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، بیکنگ یونٹ سیل، متعدد مراکز پر جرمانے

کوئٹہ: عوام کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبے بھر میں کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
مختلف اضلاع میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بیکنگ یونٹس، بیکریز، پیزا پوائنٹس، کریانہ اسٹورز، ہول سیلرز اور دیگر غذائی مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے متعدد خلاف ورزیوں پر کارروائی کی۔
ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک بیکنگ یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔
معائنے میں سامنے آنے والی خلاف ورزیاں
معائنے کے دوران انتہائی ناقص صفائی، غیر مناسب اسٹوریج، مصنوعات پر تیاری اور میعادِ استعمال کی تاریخیں درج نہ ہونے، حشرات کی روک تھام کے ناقص انتظامات سمیت متعدد سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
سمنگلی روڈ اور اسپنی روڈ پر قائم پیزا پوائنٹس، بیکنگ یونٹس اور بیکریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ مذکورہ مراکز میں ناقص صفائی، ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت کے اصولوں سے عدم مطابقت، زنگ آلود ریفریجریٹرز، کھلے کوڑے دان، مضر صحت کھلے کوکنگ آئل کا استعمال اور خوراک کی تیاری و ذخیرہ کاری میں غیر مناسب انتظامات پائے گئے۔
علاوہ ازیں ژوب میں نیو آبادی اور جیل روڈ پر خصوصی طور پر دودھ کے معیار کی جانچ کی گئی۔ 30 ملک شاپس سے حاصل کردہ نمونوں کی موقع پر جانچ کے دوران ایک دکان پر دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ زائد المیعاد جوسز اور کولڈ ڈرنکس کی فروخت اور ناقص صفائی پر ایک دیگر دکان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
مزیدبرآں صحبت پور میں بغیر فوڈ بزنس لائسنس کاروبار کرنے والے بیکریوں، کنفیکشنری ہول سیلرز اور کریانہ اسٹورز کے خلاف کارروائی کی گئی۔ معائنے کے دوران زائد المیعاد چپس، بسکٹ اور نمکو کی موجودگی، مٹھائیوں پر مکھیوں کی روک تھام کے ناقص انتظامات، ورکرز کی ذاتی صفائی میں کوتاہی اور مصنوعات پر تیاری و میعادِ استعمال کی تاریخیں درج نہ ہونے پر متعلقہ مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔
ہدایات اور سخت کارروائی کا عزم
فوڈ بزنس آپریٹرز میں لائسنس فارم تقسیم کرتے ہوئے انہیں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی، ملاوٹ کی روک تھام، زائد المیعاد اشیاء کی فروخت اور فوڈ بزنس لائسنس کی پابندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
عوامی شکایات پر فوری کارروائی اور خلاف ورزیوں کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔











