چینی کی اضافی برآمد پر اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، قیمتوں کے استحکام پر زور

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کسانوں کا تحفظ اور صارفین کو مناسب قیمت پر چینی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس لیے چینی کی اضافی مقدار برآمد کرنے کے عمل میں ملکی ضروریات اور مارکیٹ کے استحکام کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔
اسحاق ڈار کی زیر صدارت اضافی چینی کی برآمد سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں چینی کی برآمد اور ملک میں اس کی کھپت کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ملکی مارکیٹ میں چینی کی مسلسل دستیابی یقینی بنانے اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے امور پر بھی غور کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چینی کی خوردہ قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کے لیے مؤثر ضابطہ جاتی جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے چوکس رہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔
اجلاس میں وزیر تجارت، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹریز تجارت اور قومی غذائی تحفظ و تحقیق سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں چینی کی برآمد کے فیصلوں کے ساتھ ملکی کھپت، صارفین کے مفادات اور قیمتوں کے استحکام کو متوازن رکھنے کے اقدامات زیر بحث آئے۔











