چمن: ڈپٹی کمشنر کی زیرِصدارت انسدادِ پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت ایس این آئی ڈی (SNID) نومبر 2026ء کی انسدادِ پولیو مہم کے بعد کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کے دوران حاصل ہونے والے اہداف، ٹیموں کی کارکردگی، بچوں کی کوریج اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران متعلقہ محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت (WHO) اور دیگر معاون اداروں کے نمائندوں نے مہم کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ سرگرمیوں، ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی اور مائیکرو پلاننگ سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مہم کے دوران سامنے آنے والی خامیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کرکے ان کے مؤثر تدارک کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ آئندہ مہمات کے لیے بہتر حکمتِ عملی، مؤثر نگرانی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مہم کے مقررہ اہداف کے حصول، ہر بچے تک ویکسین کی رسائی اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے، تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔
اجلاس میں ضلع چمن سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مشترکہ اور مربوط کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











