مستونگ: ڈپٹی کمشنر کا شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال کا اچانک دورہ

مستونگ: ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم بلوچ نے کہا ہے کہ شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال نہ صرف ضلع مستونگ بلکہ آس پاس کے علاقوں کے عوام کیلئے بھی کسی نعمت سے کم نہیں۔
حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ صحت کے اس اہم ادارے کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ہسپتال میں ٹراما سینٹر کی تعمیر بھی جاری ہے، جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
ہسپتال کا اچانک دورہ
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ اس دوران انہوں نے ہسپتال میں علاج معالجے کیلئے آنے والے مریضوں اور ہسپتال انتظامیہ سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس عبدالحفیظ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ہسپتال پہنچنے پر سی ای او ڈاکٹر سلیم اکبر رئیسانی، آر ایم او جنرل اور دیگر عملے نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے مختلف شعبوں اور وارڈز کا دورہ کرایا اور طبی سہولیات، انتظامی امور اور ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
کارکردگی پر اطمینان
ڈپٹی کمشنر بہرام سلیم بلوچ نے ہسپتال کی کارکردگی اور انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ بڑی تعداد میں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنا اور ہسپتال کے نظام کو بہتر انداز میں چلانا قابلِ تعریف ہے۔ اس بہترین کارکردگی پر ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی تاکہ مستونگ اور گردونواح کے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات اپنے ہی ضلع میں میسر آسکیں۔











