چمن: اسسٹنٹ کمشنر آئیڈا جوڈتھ گل کا بازاروں کا دورہ، اشیائے خوردونوش کے معیار کا جائزہ

چمن: انتظامی تاریخ میں پہلی مرتبہ تعینات ہونے والی خاتون اسسٹنٹ کمشنر چمن مس آئیڈا جوڈتھ گل نے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد شہر کے مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے اشیائے خوردونوش کی دکانوں، کباڑی مارکیٹ، بوٹ شوز ہاؤسز اور دیگر کاروباری مراکز کا معائنہ کیا اور اشیاء کے معیار، صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت کے اصولوں، حفاظتی اقدامات اور مصنوعات کی تاریخِ تنسیخ (Expiry Date) کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو معیاری اور محفوظ اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائیں، دکانوں میں صفائی کا خصوصی خیال رکھیں، زائدالمیعاد اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت سے اجتناب کریں اور تمام متعلقہ حفاظتی و انتظامی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی صحت، سہولت اور حقوق کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے معیار، صفائی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے معائنہ و نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











