نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز آج مظفرآباد کا دورہ کریں گے

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج بدھ کو 18 نومبر کو مظفرآباد کا دورہ کریں گے۔
وہاں صدر ڈاکٹر نجیب نقی، وزیراعظم افتخار گیلانی، شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر مظفرآباد پہنچنے پر ان کا استقبال کریں گے۔
مظفرآباد میں پارلیمانی پارٹی، ممبران کشمیر کونسل، ٹکٹ ہولڈرز اور اتحادی جماعت کے رکن اسمبلی ساجد اقبال عباسی سے ملاقات متوقع ہے۔ نواز شریف کے دورے کے دوران پارلیمانی پارٹی اور دیگر افراد سے ملاقات اور خطاب بھی متوقع ہے۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ بھی دورۂ مظفرآباد میں ان کے ہمراہ ہوں گے۔
نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے لیے مظفرآباد اور نیلم میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام ساجد اقبال کے ہمراہ انتظامات کا جائزہ لینے مظفرآباد پہنچ گئے ہیں۔ آزاد کشمیر کے وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ نے مظفرآباد پہنچنے پر وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز، اسحاق ڈار اور دیگر کو وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا۔
نواز شریف کے دورۂ مظفرآباد کے دوران وادی نیلم میں ایک روز قیام کی تیاریاں مکمل ہیں۔ ممکنہ قیام کے لیے وادی نیلم کے ریسٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اسی روز مظفرآباد سے واپس اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی حکومت کے 100 روزہ پلان کا افتتاح نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف آزاد کشمیر کے لیے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان بھی کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان کے متوقع ترقیاتی پیکج سے آزاد کشمیر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کا امکان ہے۔











