سیف گیمز کی تیاری: پاکستان ایتھلیٹکس ٹیم کے لیے اسلام آباد میں ٹرائلز

اسلام آباد: ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں اور میرٹ پر پاکستان ایتھلیٹکس ٹیم کی سلیکشن کے لیے اسلام آباد میں ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے ڈیپارٹمنٹس، صوبوں اور دیگر یونٹس کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
ساؤتھ ایشین گیمز کی ایتھلیٹکس کمیٹی کے سیکریٹری کرنل نبیل احمد رانا کی نگرانی میں منعقدہ ٹرائلز سے قومی ایتھلیٹس کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جنہیں سیف گیمز کی تیاریوں کے لیے قومی تربیتی کیمپ میں شامل کیا جائے گا۔
کرنل نبیل رانا کے مطابق آئندہ سال منعقد ہونے والی سیف گیمز کے لیے کھلاڑیوں کی بہتر تیاری کی خاطر ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ایتھلیٹس کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔
ٹرائلز کے نتائج کے مطابق خواتین کی 100 میٹر ریس میں واپڈا کی فائقہ ریاض 11.43 سیکنڈ کے ساتھ پہلے، آرمی کی تامیم خان 11.52 سیکنڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ ٹرپل جمپ میں نیوی کی امتل رحمن 11.51 میٹر کے ساتھ پہلے، آرمی کی منزہ جاوید 10.58 میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ 10 ہزار میٹر ریس میں پنجاب کی فرحت بانو پہلے، واپڈا کی ماہ نور دوسرے نمبر پر رہیں۔
مردوں کی 100 میٹر ریس میں آرمی کے عثمان یونس پہلے اور واپڈا کے سمیع اللہ دوسرے نمبر پر رہے۔ 400 میٹر ریس میں آرمی کے محمد عدنان پہلے، واپڈا کے زیوار شاہ دوسرے نمبر پر رہے۔ ڈسکس تھرو میں نیوی کے عبداللہ نواز پہلے، آرمی کے شاہ نواز دوسرے نمبر پر رہے۔ جیولن تھرو میں آرمی کے محمد عماد 78.82 میٹر کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔ ہائی جمپ میں آرمی کے اکزان منظور اور محمد عمران پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے۔











