راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستانی بالرز کے سامنے سری لنکا پہلی اننگز میں 98 رنز پر ڈھیر

راولپنڈی: جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستانی بالرز کی تباہ کن بالنگ کے باعث سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 98 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ جواب میں پاکستان نے دن کے اختتام تک 37.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا کر مہمان ٹیم کے خلاف 23 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پیر کو پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا، جبکہ سری لنکن ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کے تحت دلشان مدوشانکا کی جگہ پربتھ جے سوریا کو شامل کیا گیا۔
سری لنکا کی پہلی اننگز
کپتان بابر اعظم کا پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور پاکستانی پیس اٹیک کے سامنے سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان کوشال مینڈس 32 اور سونال دینوشا 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
دیگر بلے بازوں میں کمنڈو مینڈس 8، ڈینش چندی مل 7، لاہیرو اودارا 4، پربتھ جے سوریا 3، پسندو سوریا بندارا 2، دھاناجیا ڈی سلوا 1 اور اسیتھا فرنینڈو 1 رن ناٹ آؤٹ بنا سکے، جبکہ ملن رتنائیکے اور لاہیرو کمارا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی طرف سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ثاقب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستان کی بیٹنگ
جواب میں پاکستان نے پراعتماد آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 80 رنز جوڑے۔ تاہم اس مجموعی سکور پر محمد طیب عارف 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر وکٹ کیپر کوشال مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 103 کے مجموعی سکور پر گری، جب محمد طحہ 8 رنز بنا کر پربتھ جے سوریا کی گیند پر دھاناجیا ڈی سلوا کو کیچ دے بیٹھے۔ تیسری وکٹ 118 رنز پر گری، جہاں کپتان بابر اعظم بھی 8 رنز بنا کر لاہیرو کمارا کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جس کے بعد ثاقب خان نائٹ واچ مین کے طور پر کریز پر آئے۔
میچ کے لیے قومی ٹیم بابر اعظم (کپتان)، محمد طیب عارف، اذان اویس، محمد طحہ، سعود شکیل، سلمان علی آغا، غازی غوری، عامر جمال، محمد عباس، ثاقب خان اور رضا اللہ جبکہ سری لنکن ٹیم کوشال مینڈس (کپتان)، لاہیرو اودارا، پسندو سوریا بندارا، ڈینش چندی مل، کمنڈو مینڈس، دھاناجیا ڈی سلوا، سونال دینوشا، ملن رتنائیکے، لاہیرو کمارا، پربتھ جے سوریا اور اسیتھا فرنینڈو پر مشتمل ہے۔











