پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تلخ کلامی، اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے

اسلام آباد: پی ٹی آئی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس سے پارٹی کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
بانی سے ملاقات کرنے والوں کو منظورِ نظر کہنے پر ارکان نے اعتراض کیا۔ چار رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر بھی اختلاف سامنے آیا۔ نئے صوبوں کی حمایت اور سیاسی کمیٹی میں سینیٹ کی نمائندگی نہ ہونے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں بیرسٹر علی ظفر اور سلمان اکرم راجا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ سیاسی کمیٹی میں قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر کو شامل کرنے پر ارکان نے سوال اٹھایا کہ سینیٹ کے پارلیمانی لیڈر کو کیوں شامل نہیں کیا گیا۔
سلمان اکرم راجا نے جواب دیا کہ پارٹی عہدے رکھنے والے افراد کو سیاسی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ بعض لوگوں کی میڈیا میں گفتگو پر انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر بتاؤں گا۔
چار گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں نصف کے قریب ارکانِ پارلیمان شریک ہوئے، جنہیں بانی سے ملاقات، صحت، صوبوں کے معاملے اور آئندہ لائحہ عمل پر آگاہ کیا گیا۔
ارکان کی اکثریت نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی حامی نکلی، جبکہ بعض نے کھل کر حمایت کی۔ گزشتہ رات صوبوں کے معاملے پر بحث کرنے پر اتفاق ہوا، تاہم مرکزی قائدین کی عدم موجودگی کے باعث حتمی فیصلہ اگلے ہفتے تک مؤخر کر دیا گیا۔
چار رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر بعض ارکان نے ذاتی خواہش پر کمیٹی بنانے کی مخالفت کی، جبکہ کئی ارکان کمیٹی کے حامی ہیں۔ آئندہ اجلاس میں معاملات کو حتمی شکل دینے کی تجویز پیش کی گئی۔











