مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت پر پابندیاں ناقابل قبول، اچکزئی اور راجہ ناصر عباس

اسلام آباد: قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے مولانا فضل الرحمان کی آزادانہ نقل و حرکت میں مبینہ رکاوٹوں اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں کی گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی جبر اور پابندیوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت پر عائد رکاوٹیں ختم کی جائیں اور گرفتار رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت محدود کرنا اور جمعیت علمائے اسلام کے قائدین کو گرفتار کرنا جمہوری اصولوں، آئینی حقوق اور سیاسی آزادیوں کے منافی ہے۔ پرامن سیاسی سرگرمیوں سے سیاسی جماعتوں کی قیادت اور رہنماؤں کو روکنا جمہوری نظام کی روح کے خلاف ہے۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی طور پر کمزور اور محدود کرنے کے لیے ماضی میں جو طریقہ کار اختیار کیا گیا، بظاہر اب وہی حربے ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں اور ان کی قیادت کے خلاف بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
ان کے مطابق سیاسی مخالفین کے راستے بند کرنا، قیادت کو گھروں تک محدود رکھنا اور کارکنوں و رہنماؤں کی گرفتاریاں سیاسی اختلاف کو دبانے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔
جمہوری دعوؤں کا تضاد
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ایک طرف ملک میں جمہوریت اور آئینی نظام کے استحکام کے دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن دوسری جانب سیاسی قیادت کی نقل و حرکت روکی جا رہی ہے، جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں سے محروم کیا جا رہا ہے اور اختلافِ رائے کو طاقت کے ذریعے دبایا جا رہا ہے، جو حکومتی دعوؤں اور زمینی حقائق کے درمیان واضح تضاد ہے۔
دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں سیاسی اختلاف کو جرم تصور نہیں کیا جا سکتا اور کسی بھی سیاسی جماعت یا رہنما کو پرامن سیاسی سرگرمیوں سے روکنا قابلِ قبول نہیں۔ حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں آئینی اور قانونی حقوق فراہم کیے جائیں اور سیاسی وابستگی کی بنیاد پر پابندیوں اور گرفتاریوں سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی آزادانہ نقل و حرکت میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر ختم کی جائیں اور جمعیت علمائے اسلام کے گرفتار رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔ ان کے مطابق سیاسی جبر، گرفتاریوں اور پابندیوں کے ذریعے اختلافِ رائے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
مشترکہ بیان میں زور دیا گیا کہ ملک کو محاذ آرائی کے بجائے سیاسی مکالمے، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور تمام سیاسی قوتوں کے لیے یکساں سیاسی آزادیوں کی ضرورت ہے۔











