رانا عرفان نے ورلڈ کپ آف اسنوکر جیت لیا

مسقط: پاکستان کے رانا عرفان نے عمان میں کھیلے گئے ورلڈ کپ آف اسنوکر کے فائنل میں ہم وطن اور سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
مسقط میں جمعرات کو کھیلے گئے آل پاکستان فائنل میں رانا عرفان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد آصف کو 5-0 سے شکست دی۔ رانا عرفان نے پہلے ہی فریم سے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کر لی اور محمد آصف کو ایک بھی فریم جیتنے کا موقع نہیں دیا۔
رانا عرفان نے پہلے فریم میں 56 پوائنٹس کا بریک کھیلتے ہوئے 96-46 سے کامیابی حاصل کی، جس کے بعد دوسرا فریم 67-48 سے جیت کر اپنی برتری دگنی کر لی۔ تیسرے فریم میں رانا عرفان نے 64-1 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ چوتھے فریم میں 68 پوائنٹس کا بریک کھیلتے ہوئے محمد آصف کو 91-12 سے شکست دی۔ رانا عرفان نے پانچواں فریم 69-6 سے جیت کر ورلڈ کپ آف اسنوکر کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ورلڈ کپ آف اسنوکر میں پاکستانی کیوئسٹس کی مجموعی کارکردگی بھی نمایاں رہی۔ ایونٹ میں شریک چاروں پاکستانی کھلاڑیوں محمد آصف، رانا عرفان، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والے چار میں سے تین کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان سے تھا، جبکہ رانا عرفان اور محمد آصف نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر کے پاکستان کی ٹائٹل جیت یقینی بنا دی تھی۔











