عمان کے قریب سمندری بارودی سرنگوں سے دو آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی

بیروت: ایرانی میڈیا کے مطابق عمان کے قریب سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دو آئل ٹینکرز میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی۔
رپورٹس کے مطابق عمان کی بندرگاہ خصب کے شمال میں دو آئل ٹینکرز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرائے، جس کے بعد دونوں میں آگ لگ گئی۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق دونوں ٹینکرز آبنائے ہرمز سے ایک غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز میں استحکام اور بحری جہازوں کی محفوظ آمد و رفت ایران کے جائز خودمختار حقوق کے احترام سے مشروط ہے۔
خلیج فارس کے جزائر پر ایک آپریشنل یونٹ کے دورے کے موقع پر ریئر ایڈمرل علی اوزماعی نے کہا کہ آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستے پر ایران کا کنٹرول محض دعویٰ نہیں بلکہ ایک عملی حقیقت ہے।
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو جذبہ شہادت اور فولادی عزم کے ساتھ ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایرانی کمانڈر کے مطابق ایران نہ صرف اس آبی گزرگاہ پر کنٹرول رکھتا ہے بلکہ آبنائے ہرمز کے عین وسط میں تزویراتی صورتحال تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔











