پیٹرولیم لیوی پر حکومت سے معاہدہ، 1000 سی سی تک گاڑیاں ریلیف پیکیج میں شامل

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ حکومت کے پیٹرول ریلیف پیکیج میں 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے، ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کسانوں کو بھی ٹریکٹروں پر ڈیزل میں ریلیف دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی، جبکہ حکومت پیٹرولیم لیوی پر آئندہ بجٹ تک ورکنگ مکمل کرے گی تاکہ اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہ بنایا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ اور امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا عنایت اللہ خان شامل تھے۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پرامن تحریک چلائی، ہماری اور حکومتی کمیٹیوں نے مل کر ڈرافٹ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج حکومت نے بتایا کہ دو کروڑ لوگ ریلیف پیکیج میں شامل ہیں، جن میں غریب مزدور، طلبہ اور بائیکیا والے شامل ہیں۔
ان کے مطابق لیوی پر ونڈ فال کا اثر 80 روپے سے کم ہو کر 63 روپے تک آ گیا ہے۔ آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی وجہ سے 25 فیصد بل کم ہوئے ہیں اور عوام کو 25 سے 30 روپے فی یونٹ ریلیف مل رہا ہے۔
آئندہ لائحہ عمل
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ معاہدے پر اتفاق کیا ہے مگر اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے، عملدرآمد کمیٹی اس معاہدے پر نظر رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کے سود کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے اور گندم، چینی اور گیس پر بھی آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے چار مطالبات مان لینے کا مطلب یہ نہیں کہ سب کچھ مان لیا گیا، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے خاتمے کی خواہش ظاہر کی، میڈیا مالکان سے میڈیا ورکرز کو ان کے حقوق دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت زراعت کے شعبے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔ کپاس کی فصل تباہ ہو چکی ہے اور گنے کی قیمت انتہائی کم ہے، گنا 700 روپے فی من خریدا جانا چاہیے۔











