مولانا فضل الرحمن: راستہ نہ کھولا گیا تو پورا ملک بند رہے گا، کارکنوں سے خطاب

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے صرف ہمیں روکنے کے لیے جان بوجھ کر رکاوٹ بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں، بڑے نظم و ضبط کے ساتھ جا رہے ہیں اور ہمارا راستہ کھول دیا جائے، ورنہ ہم بھی بیٹھے ہیں، آپ بھی بیٹھے رہیں گے۔
یہاں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کوئی جرم کرنے یا ہنگامہ کرنے نہیں جا رہے، اپنے ملک کے آئین اور قانون کے تحت دیے گئے جمہوری حق کو استعمال کر رہے ہیں اور اسی کے تحت سرگودھا جا رہے ہیں۔ ہمارا راستہ کھول دیا جائے، ہمیں جانے کی اجازت دی جائے ورنہ پورا ملک بند رہے گا۔
کارکنوں سے خطاب
انہوں نے کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت کوہستان سے چترال، چمن سے مکران اور پورا کراچی سمیت تمام ملک بند ہو چکا ہے۔ آپ کی استقامت کی وجہ سے، ان شاءاللہ، یہ تھک جائیں گے، ہم نہیں تھکیں گے۔ ہم نے اپنی پوری تاریخ امن کے ساتھ رقم کی ہے اور انسانی جان کی قدر جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈٹے رہنا ہے، ان کو راستہ کھولنا پڑے گا اور ہم ہر قیمت پر اپنی جگہ پر جائیں گے، چاہے ہمیں دن لگ جائیں۔ ایک طرف جبر کی انتہا ہے اور دوسری طرف صبر کی انتہا، جبر اور صبر کا مقابلہ ہے، ان شاءاللہ صبر جیتے گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اور عوام کو ان کا حق دلائیں گے اور سول سپرمیسی کو طاقت دلائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پولیس، میرا ڈپٹی کمشنر اور میرا کمشنر قانون کے تابع ہوں، پیچھے کسی جابر قوت کے اشاروں پر نہ چلیں۔ ہم ان کو آزادی دلانا چاہتے ہیں، آپ بے فکر رہیں، ہم آپ کی بھی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔











