اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد پر 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد اور سہ فریقی دفاعی اجلاس کے پیش نظر جمعہ 27 نومبر کو اسلام آباد کی حدود میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں تمام سرکاری دفاتر اور متعلقہ اداروں میں مقامی تعطیل ہوگی، جبکہ ضروری سروسز، اسپتال اور پولیس معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔ سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی انتظامیہ کی ضروری سروسز فعال رہیں گی۔ آئیسکو اور سوئی گیس کی سروسز بھی معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
ٹریفک اور سیکیورٹی کے انتظامات
غیر ملکی وفود کی آمد اور سہ فریقی دفاعی اجلاس کے باعث سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں میٹرو بس سروس جزوی طور پر معطل کرنے اور ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میٹرو بس حکام کے مطابق 26 سے 28 نومبر تک میٹرو بس سروس محدود رہے گی۔ راولپنڈی کے صدر سٹیشن سے اسلام آباد کے فیض احمد فیض سٹیشن تک میٹرو بس سروس فعال رہے گی، جبکہ 7ویں ایونیو سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس 26 نومبر کو رات 10 بجے سے 28 نومبر کو رات 12 بج کر 30 منٹ تک معطل رہے گی۔ اسی روٹ پر الیکٹرک بس سروس بھی معطل رہے گی، جس کے باعث شہریوں کو متبادل سفری انتظامات کرنا ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھی ہیوی ٹریفک کو جڑواں شہروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ فیض آباد بس ٹرمینل بھی اسی مدت کے دوران بند رہے گا۔ اس دوران بین الاضلاعی بسوں اور دیگر مسافر گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے شہریوں کو اپنی سفری منصوبہ بندی متبادل اوقات کے مطابق کرنا ہوگی۔
سیکیورٹی انتظامات کے تحت مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریلز نمبر 3 اور 5 بھی 27 نومبر کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہیں گے۔
انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 26 سے 28 نومبر کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔ ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال، متبادل راستوں اور سفری پابندیوں سے متعلق معلومات کے لیے شہری اسلام آباد پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رابطے میں رہیں۔











