ٹرمپ نے ایران کے خلاف تمام آپشنز کھلے رکھے ہیں: جیرڈ کشنر

واشنگٹن: امن مشن کے لیے امریکی مندوب اور امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کا امکان برقرار رکھا ہوا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایک پوڈکاسٹ میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا واشنگٹن ایران کے خلاف مزید حملے کر سکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ ہمیشہ اپنے تمام آپشنز کھلے رکھتے ہیں۔
جیرڈ کشنر نے کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کے معاملے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور انہوں نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے ایک ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔ ان کے مطابق وہ اس تنازع کے حوالے سے نائب صدر جے ڈی وینس کے ماتحت بھی کام کر چکے ہیں۔
یورپی ممالک کے ردِعمل پر تنقید کرتے ہوئے جیرڈ کشنر نے کہا کہ یورپی ممالک امریکا سے بہت کچھ چاہتے ہیں، تاہم ایران کی صورتِ حال پر یورپ کا ردِعمل متاثر کن نہیں ہے۔
انہوں نے ایرانی نمائندوں سے ایک سے زائد بار ملاقاتوں کا انکشاف بھی کیا اور کہا کہ ہم نے ایرانیوں کے ساتھ دو تین مرتبہ ملاقاتیں کی ہیں۔











