قلعہ عبداللہ: کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر سیکیورٹی سخت، گشت و چیکنگ تیز

قلعہ عبداللہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ژوب رینج کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس قلعہ عبداللہ نے ضلع بھر، بالخصوص کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
مختلف مقامات پر پولیس گشت، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔
رات کے وقت گشت اور چیکنگ
ایس پی قلعہ عبداللہ خلیل احمد بگٹی کی نگرانی میں پولیس افسران اور جوان قومی شاہراہ کے حساس مقامات پر رات کے وقت مسلسل گشت اور چیکنگ کر رہے ہیں۔
اس دوران مشکوک گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور افراد کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ گاڑیوں کی تلاشی، دستاویزات اور ضروری کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد جرائم پیشہ اور مشکوک عناصر کی نقل و حرکت کی مؤثر نگرانی، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی پیشگی روک تھام، امن و امان کا قیام اور مسافروں سمیت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ایس پی خلیل احمد بگٹی نے واضح کیا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
قومی شاہراہ سمیت ضلع کے تمام اہم اور حساس مقامات پر سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں گے، جبکہ قانون کی خلاف ورزی اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دورانِ سفر پولیس کے ساتھ تعاون کریں، شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اہلکار یا متعلقہ تھانے کو دیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس قلعہ عبداللہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دے رہی ہے۔











