گوادر: ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی اقلیتی نمائندوں سے ملاقات

گوادر: 18 نومبر۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے ضلع میں آباد اقلیتی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ان کی فلاح و بہبود، بنیادی حقوق کے تحفظ، درپیش مسائل اور ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اقلیتی برادری کے نمائندوں کے مسائل اور تجاویز سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت کی پالیسی اور ہدایات کے مطابق اقلیتی کمیونٹی کی فلاح و بہبود، مذہبی آزادی، سماجی تحفظ اور معیارِ زندگی کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان بلاامتیاز تمام شہریوں کو یکساں حقوق، بنیادی سہولیات اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اقلیتی طبقات کے حقوق کا تحفظ، ان کے مسائل کا حل اور معاشرے میں باوقار مقام یقینی بنانا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے۔
بین المذاہب ہم آہنگی
انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری، باہمی احترام اور امن و بھائی چارے کا فروغ ایک پرامن، متحد اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے، جس کے لیے تمام طبقات کو ساتھ لے کر مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔











