گوادر: کوہِ باتیل کے پاکستان پوائنٹ پر وزیٹر شیڈز کی تعمیر مکمل

گوادر: صوبائی حکومت بلوچستان کے سیاحت کے فروغ، شہری سہولیات کی بہتری اور سیاحتی مقامات کو مزید خوبصورت اور پرکشش بنانے کے وژن کے تحت کوہِ باتیل کے معروف سیاحتی مقام پاکستان پوائنٹ پر سیاحوں کی سہولت کے لیے وزیٹر شیڈز کی تعمیر کا منصوبہ مکمل ہو گیا ہے۔
یہ منصوبہ محکمہ مواصلات و تعمیرات، فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ حکومت بلوچستان گوادر کے زیر نگرانی بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) فیز ون کے تحت مجموعی طور پر 3 کروڑ 70 لاکھ روپے لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔
وزیٹر شیڈز کی تعمیر سے پاکستان پوائنٹ پر آنے والے مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو بیٹھنے، آرام کرنے اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
یہ منصوبہ گوادر کے سیاحتی انفراسٹرکچر کی بہتری اور شہر کے قدرتی حسن کو مزید اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پاکستان پوائنٹ اپنی منفرد جغرافیائی اہمیت، دلکش ساحلی مناظر اور قدرتی خوبصورتی کے باعث گوادر کے نمایاں سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے سیاحوں کے لیے اس مقام کی کشش اور سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا۔











