گوادر: پسنی کے متاثرہ خاندانوں میں پی ڈی ایم اے کا امدادی سامان تقسیم

گوادر/پسنی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور حکومتِ بلوچستان کی پالیسی کے تحت قدرتی آفات اور مشکل حالات سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی عبدالکریم بگٹی نے تحصیلدار پسنی عبدالرحمان کے ہمراہ شادیکور، زہریں کہور اور گورستانی کے مختلف علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے سینکڑوں متاثرہ خاندانوں میں پی ڈی ایم اے (PDMA) کی جانب سے فراہم کردہ امدادی سامان تقسیم کیا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں نے ڈوسی، سالاچ اور کہدہ لطیف گوٹھ میں عارضی طور پر پناہ لے رکھی ہے، جہاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انہیں گھریلو استعمال کی ضروری اشیاء اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا تاکہ مشکل حالات میں ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے اور مشکلات کم کرنے میں مدد مل سکے۔
متاثرہ خاندانوں سے ملاقات
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی اور تحصیلدار پسنی نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور ضروریات دریافت کیں اور انہیں یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اس مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی امداد، بنیادی ضروریات کی فراہمی اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کے فوری ازالے اور ریلیف سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کے لیے کیے جانے والے اقدامات ضلعی انتظامیہ کی عوامی خدمت، احساسِ ذمہ داری اور مشکل وقت میں شہریوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان کی خصوصی ہدایات پر ضلعی و تحصیل انتظامیہ متاثرین کو امداد کی فراہمی اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متحرک ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











